آرمی چیف کوئی بھی ہومجھے فرق نہیں پڑتا، عمران خان

485
army chief

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا چاہے آرمی چیف کوئی بھی ہو۔ مجھے ناکامی اس لئے ہوئی کہ ہماری اتحادی حکومت تھی،آئندہ ایسی اتحادی حکومت ملی تو کبھی قبول نہیں کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہدآئین وقانون کی بالادستی سے عبارت ہے ، قانون کی حکمرانی کے بغیرخوشحال معاشرے کی تشکیل کاتصورہی محال ہے۔ یہ بات انہوں نے نیشنل پریس کلب،راولپنڈی اسلام آبادیونین آف جرنلسٹس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئی کہی۔ ملاقات کے دوران ملک میں اظہاررائےکی آزادی سمیت اہل صحافت کیخلاف حکومتی سطح پر روا رکھے جانے والی فسطائیت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور میڈیاکارکنان کودرپیش مسائل اورفلاحی اقدامات کی ضرورت پر گفتگو ہوئی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہماری حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں انصاف کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، دستور اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تحریک کو بھرپور انداز میں منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاری کر رہے ہیں، فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی تمام صحافیوں کو لفافہ صحافی نہیں کہاصرف چند صحافیوں کو بات کی،ملک میں پروفیشنل اور بہترین صحافی موجود ہیں جو مشکل حالات میں بھی حق اور سچ کی آواز بلند کرتے ہیں ، ان کی عزت کرتا ہوں۔