جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کیلیے جدوجہد کررہی ہے، حافظ نعیم

243

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے باغ جناح گراؤنڈ میں بنو قابل ٹیسٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کراچی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے روشن ستارے یہاں موجود ہیں۔ آج کا اپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ ایک تاریخ رقم کرے گا۔ ہم الخدمت کے تحت نوجوانوں کو پڑھائیں گے، جو اپنے والدین کا سہارا بنیں گے۔ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی میں 30 سال تک کے نوجوانوں کی تعداد 2 کروڑ ہے۔ 10 لاکھ بچے ایسے ہیں جو اسکول ہی نہیں جارہے ۔میٹرک پاس کرنے کے بعد ڈھائی لاکھ ایسے ہیں جو آگے نہیں پڑھ پاتے۔ 3کروڑ سے زائد نوجوانوں کے لیے صرف 2 جنرل یونیورسٹیاں ہیں۔ہم کراچی میں پانی ،بجلی ، تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے نوجوانوں کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ آج کے والدین بچوں کو اسکول پہنچانے اور ماہانہ فیس ادا کرنے کے لیے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کے لیے یونیورسٹیاں بنائے گی۔ ساڑھے 4 ہزار سرکاری اسکولوں میں تعلیم کیوں نہیں ملتی۔ عوام چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کراچی کی باگ ڈور سنبھالے۔ جب بھی بلدیاتی انتخابات قریب آتے ہیں، یہ لوگ ملتوی کردیتے ہیں، لیکن پھر بھی  ہم ان کا تعاقب کریں گے اور ہر صورت انتخابات کروائیں گے۔ جماعت اسلامی کا مئیر ہر صورت آئے گا اور کراچی کے نوجوانوں کے لیے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے، جتنے اختیارات ہوں گے اس سے زیادہ کام کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میں پاس ہونے والوں کے لیے اسکالر شپ کا انتظام کریں گے۔ کراچی کے ہر کاروباری طبقے کے پاس جاؤں گا اور فنڈز جمع کرکے نوجوانوں کو پڑھاؤں گا۔ ہم آئی ٹی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو خود مختار کریں گے۔ ہم کراچی میں آئی ٹی سٹی لیڈ بنائیں گے۔  ہم کراچی نوجوانوں کو امیدوں اور یقین سے ہمکنار کررہے ہیں۔ نوجوان روزگار کے حصول کے لیے غلط کاموں میں مت پڑیں۔  محنت اور لگن سے آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی کوشش سے 500 روپے ماہانہ سے ہزاروں گریجویٹ پاس کروائے۔ آئندہ 4 سال میں الخدمت مختلف این جی اوز کے تحت  10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔ ٹیکنالوجی ٹیسٹ کروائیں گے اور ٹیکنالوجی میں بھی نوجوانوں کو آگے بڑھائیں گے۔آخر میں حافظ نعیم الرحمٰن نے ٹیسٹ کے شرکا سے پاکستان اور اسلامی نظریے سے وفاداری کاکھڑے ہوکر عہد لیا۔ نوجوانوں کے ساتھ مل کر کھیلوں کے میدانوں سے قبضے بھی چھڑوائیں گے۔