فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی شہید

342

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق شمال مغربی کنارے کے شہر نابلس کے نزدیک قراوت بنی حسن میں ہونے والی جھڑپوں میں 2 فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ زخمی ہونے والا 30 سالہ مجاہد داد زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے روایتی بیان میں کہا کہ مشتبہ افراد نے فوجیوں پر پتھر پھینکے جس پر فوج نے پرتشدد ہنگامہ کرنے والوں پر جوابی فائرنگ کی۔

اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک 100 سے زائد فلسطینی جنگجو اور شہری شہید ہوگئے ہیں جہاں مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریبا 7 برسوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے قریب روزانہ چھاپوں کے ردعمل میں اسرائیلی فوجیوں پر جوابی حملوں اور پرتشدد واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔رواں سال کے شروع میں اسرائیل میں شہریوں پر حملے ہوئے تھے، جس کے بعد اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔