وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی کو اخراجات اور آمدن کی تفصیل بتا دی

433
time allotted

اسلام آباد: قومی اسمبلی کو وزارت داخلہ نے تحریری جوابات میں آگاہ کیا ہے کہ یکم جولائی 2020 تا30جون 2022 کے لیے بیئر اور شراب کے کل 11ہزار 3لائسنسز جاری کیے گئے جن سے 28لاکھ 18ہزار150 روپے کی رقم وصول ہوئی ۔

تحریری جواب کے مطابق 2022 کے حالیہ لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے کل 33 کروڑ 70 لاکھ 89ہزار745 روپے کے اخراجات کیے ہیں۔ گاڑیاں اور کنٹینر کرائے پر لینے کے لیے 21 کروڑ70 لاکھ سے زائد ، دیگر اسٹور اور آنسو گیس کے لیے 3 کروڑ 15لاکھ 96 ہزارجبکہ کھانے پینے پر 4 کروڑ78 لاکھ92 ہزار 770 روپے کے اخراجات کیے گئے۔

پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرپرسن کی رکن عالیہ کامران کی صدارت میں ہوا ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو نے ارکان کے سوالات کے جواب دیے جبکہ رکن اسمبلی چوہدری برجیس طاہر کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ2022 کے حالیہ لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے کل 33 کروڑ 70 لاکھ 89ہزار745 روپے کے اخراجات کیے ہیں۔

گاڑیاں اور کنٹینر کرائے پر لینے کے لیے 21 کروڑ70 لاکھ 10 ہزار 351 روپے خرچ کیے گئے، دیگر اسٹور اور آنسو گیس کے لیے 3 کروڑ 15لاکھ 96ہزار624 روپے خرچ کیے گئے۔کھانے پینے پر 4 کروڑ78 لاکھ92 ہزار 770 روپے کے اخراجات کیے گئے جبکہ دیگراخراجات کی مد میں4کروڑ 5 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔

رکن اسمبلی رمیش لال کے سوا ل کے تحریری جواب میں وزارت داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ مالی سال یکم جولائی 2020 تا30جون 2022 کے کیے بیئر اور شراب کے جاری کردہ لائسنسز کی کل تعداد 11ہزار تین ہے جن سے وصول شدہ محاصل کی کل رقم 28لاکھ 18ہزار150 روپے ہے ۔