سہ ملکی سیریز: شاہینوں کو کیویز کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست

321

کرائسٹ چرچ: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کر کے 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر130 رنز بنائے۔ میچ میں پاکستان کی جانب سے باونڈریز کی تعداد  کم رہی جب کہ کسی بھی بیٹر کی جانب سے پورے میچ میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا جا سکا۔ ٹیم نے مجموعی طور پر میچ میں 15 چوکے لگائے۔ میچ میں بابر اور رضوان کی پارٹنر شپ نے قومی ٹیم کو 30 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم 21، رضوان 16، شان مسعود 14، شاداب 8 اور حیدر علی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد 27رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز صفر اور وسیم جونیئر 1رن بنا کر چلتے بنے۔آصف علی نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

131رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا اور بڑی پارٹنرشپ قائم کی۔دونوں اوپنرز نے پاکستان بولرز کی خوب دھلائی کی اور117 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 117 رنز پر گری جب فن ایلن کو شاداب خان نے 62 رنز پر آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ نے 23 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔ ڈیون کونوے 49 اور کین ولیمسن 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے صرف شاداب خان ہی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔میچ سے قبل قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، جس کے مطابق  حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔ نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں، بلیئر ٹکنر اور مچل سینٹنر ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔