اتحادی سیاست نے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کو مایوس کیا، میاں اسلم

457

اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوری نے طے کیا ہے کہ اب اپنے جھنڈے اور اپنے انتخابی نشان ترازو پر ہی الیکشن لڑ جائے گا ، بار بار کی اتحادی سیاست نے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کو مایوس کیا ہے ۔

قومی اخبارات کے ایڈیٹرز کے ساتھ منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی عوامی تائید اور حمایت سے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ قومی انتخابات میں جماعت اسلامی کسی سیاسی جماعت کوبیساکھی دے گی اور نہ کسی کی بیساکھی استعمال کر ے گی۔ انہوں نے کہا ملکی مسائل کا سبب ملک میں اللہ کے قانون کا صحیح معنوں میں نفاذ نہ ہونا ہے، پاکستان کے مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔ وسائل سے مالا مال ملک حکمرانوں کی ناہلیت اور نالائقی کے سبب مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔

میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ برسراقتدار ٹولے نے ملک کو معاشی سیاسی آئینی اوراخلاقی طورپر بحرانوں سے دوچار کردیا ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا، جماعت اسلامی کے میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد شمسی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی بھی مو جو د تھے۔میاں محمد اسلم نے مزید کہا کہ وڈیو لیک، اور مہنگائی کے طوفان سے لے کر قرآن وسنت کے صریحاً خلاف ٹرانس جینڈر بل پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومتوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا ہے۔ جماعت کو جب بھی موقع ملا، اس نے عوام کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد میں جس طرح الخدمت فاؤنڈیشن پیش پیش رہی یہ پوری قوم کے سامنے ہے۔ایک دوسرے کو چور کہنے والے دونوں کا موقف درست ہے اس لیے کہ حکومت و اپوزیشن توشہ خانوں سے لیکر قومی دولت کی لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں۔ ملک کو سیلاب نے نہیں بلکہ کرپٹ قیادت و نظام نے ڈبویا، جس سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو خود بیدار ہونا پڑے گا ورنہ بھوک وافلاس غربت محرومیاں اور سیلاب ان کا مقدر رہیں گے۔

میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کی ترجیح عوامی مشکلات،معیشت کی بحالی اورغربت کا خاتمہ نہیں بلکہ بجلی گیس سمیت دیگر یوٹیلٹی بلزکے ذریعے مزید ٹیکسوں کابوجھ ڈال کر عوام کاخون نچوڑنا اورحکومتی ارکان پر بنے کرپشن کے مقدمات کا خاتمہ ہے۔