تحریک انصاف کا ممکنہ دھرنا روکنے کیلیے اسلام آباد ایک ہفتے تک سیل کرنے کی تیاریاں

260
اسلام آباد انتظامیہ کا حکومت اور اپوزیشن کو ڈی چوک پر جلسے کی اجازت سے انکار

اسلام آباد: تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد کو ایک ہفتے تک سیل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جب کہ اس سلسلے میں سیکڑوں کی تعداد میں کنٹینرز وفاقی دارالحکومت کے مختلف راستوں پر رکھ دیے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے 1100 سے زائد کنٹینرز اکٹھے کرلیے ہیں، جو دارالحکومت کے اہم اور حساس راستوں کو بند کرنے کے لیے مختلف مقامات پر رکھ دیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کے ممکنہ اعلان کے بعد دارالحکومت کو ایک ہفتے کے لیے مکمل سیل کر دیا جائے گا ۔ اس دوران تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کرنے کے ساتھ امتحانات بھی ملتوی کردیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو 25 ہزار کی اضافی نفری فراہم کی جائے گی جب کہ ان کے پاس 50 ہزار ربر کی گولیاں بھی ہوں گی۔سیکورٹی ادروں کو 60 ہزار سے زائد آنسو گیس کے شیل فراہم کر دیے گئے  ہیں۔ اسلام آباد پولیس کو 10 ڈرون بھی فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے شیل مظاہرین پر پھینکے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں دھرنا ناکام بنانے اور کسی بھی قسم کی ممکنہ ہنگامہ آرائی روکنے کے لیے پہلی مرتبہ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے اگر بنی گالہ سے دھرنے کا اعلان کیا تو بنی گالہ کو سب جیل قرار سے کر انہیں وہیں ہاؤس اریسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔