کراچی میں بیٹے کے ہاتھوں بوڑھی ماں اور بیوی قتل، ملزم فرار

307

کراچی: منگھوپیرکے علاقے میں ناخلف بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی بوڑھی ماں اوربیوی کو قتل کردیا جب کہ  دہرے قتل کی واردات کے بعد ملزم موقع سے فرارہوگیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ ملزم دلاورکا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور وہ پہلے بھی ایک قتل کے الزام میں گرفتارہو کر سزا کاٹ چکا ہے۔واقعہ اجتماع گاہ روڈ سلطان آباد کچی آبادی میں واقع مکان نمبراے 91 میں پیش آیا، جہاں قتل کی جانے والی خواتین کی شناخت 60 سالہ بخت بی بی ولد محمد خان اور35 سالہ گل بشریٰ زوجہ دلاور خان کے نام سے کی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسران کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا  ہے ۔ ملزم دلاور گزشتہ رمضان المبارک میں بھی قتل کی سزا مکمل کرنے کے بعد حیدر آباد جیل سے رہا ہوا تھا۔ اہل محلہ اور مقتول کے رشتے داروں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق واردات میں تیس بور پستول استعمال ہوا ہے جب کہ جائے وقوع سے 2خول بھی ملے ہیں، جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔