موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فوڈ سیکورٹی کا خطرہ ہے، بلاول زرداری

259

کراچی: وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کا خطرہ ہے،شہباز شریف پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں،، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، اگر ہم ایک ملک ہیں تو ایک ہو کر اس آفت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

بلاول زرداری نے کہا کہ سیلاب کا پانی ابھی تک سندھ میں داخل ہورہا ہے،سیلاب کا 50فیصد پانی نکالا جاچکا ہے، ہمیں ابھی سیلاب متاثرین کے لیے آپ کی مدد کی ضرورت ہے، سیلاب سے3ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، لوگ سیلاب میں بھی سازشیں کررہے ہیں کہ ان کی حکومت آئے، بیماریوں کی وجہ سے اسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے کسی نے سیلاب کی تباہ کاری دیکھنی ہے تو خیرپورناتھن شاہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب ابھی ختم نہیں ہوا ، سیلاب بلوچستان کے پہاڑوں سے سندھ میں داخل ہورہا ہے ، سیلاب کا 50فیصد پانی نکالا جاچکا ہے ، جبکہ 50فیصد باقی ہے ، ابھی بھی دیہاتوں کے سڑکوں کے دونوں اطراف سیلابی سمندر کا ملاحظہ کرلیں۔

بلاول نے کہاکہ ایک تاریخی قدرتی آفت ہے ، یہ سیلاب ماضی کی طرح دریا سے نہیں بلکہ آسمان سے نیچے آیا ۔ یہ ہمارے لئے قیامت سے پہلے قیامت ہے ، 33ملین سے زائد لوگ سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ، 33ملین کی آبادی آسٹریلیا کی آبادی سے زیادہ ہے ، یورب کے تمام ممالک کی آبادی کو اکٹھا بھی کرلیں 33ملین تک نہیں پہنچ سکتا۔