شیطانی ذہن کو معافی دینے کے بجائے  نشان عبرت بنا دینا چاہیے، مریم نواز

281

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے شیطانی ذہن کو معافی نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایسے شخص کو دارالحکومت اسلام آباد میں چڑھائی کرنے کی اجازت ہونی چاہیے؟ ایسے شخص کو تو نشان عبرت بنا دینا چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف اتنے بڑے بڑے کیسز ہیں، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں مجرم یہ ثابت ہوا جبکہ فرح خان کو راتوں رات  باہر بھیج دیا گیا، کیا یہ سب این آر او نہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم تمہاری طرح چھپ کر ضمانتیں نہیں کرواتے۔ دانیال عزیز اور دیگر لوگوں کو بھی معافی ملنی چاہیے۔

مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر میں خفیہ ملاقات کرنے والا عمران خان این آر او مانگ رہا ہے اور این آر او نہیں ملتا تو باہر آکر شور کرتا ہے۔ عمران خان اقتدار میں تھے تو فوج اچھی تھی اور اقتدار گیا تو فوج بری ہوگئی۔ انہیں آج اقتدار مل جائے تو پھر تعریف شروع کر دیں گے۔ کل تک یہ جسے بہترین سپہ سالار اور بہترین فوج قرار دیتے تھے، آج ان کو میر جعفر و میر صادق اور نیوٹرلز کہتے ہیں، یہ ایک ہی شخص کے دو بیانیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حمایت کرنے والوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور پرویز الہٰی کو بھی جواب دینا ہوگا کیونکہ وہ ہمیشہ عمران خان کی حمایت نہیں کر پائیں گے۔ آڈیو سامنے آجانے کے بعد عمران خان کا سائفر والا بیانیہ بھی جھوٹا نکلا۔ عمران خان نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ سائفر گم ہوگیا۔ سائفر حکومت کی امانت ہے کوئی ہیرے کی انگوٹھی نہیں۔ ریاست کی دستاویز کو آپ نے غائب کیا ہے۔ دنیا آج پاکستان کو سائفر بھیجنے سے ڈرتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اسحاق  ڈار کی واپسی کو این آر او کہا جا رہا ہے لیکن آپ نے بنی گالہ کی جھوٹی رجسٹریشن کروائی اس کو این آر او کہتے ہیں۔ عمران خان کو شرم نہیں آتی، معافی مانگنے کے بجائے این آر او این آر او کی رٹ لگا رہا ہے۔ پنجاب میں حکومت ملی تو آپ نے فرخ خان کے کیس ختم کرائے۔یہ ہوتا ہے این آر او۔جھوٹا مقدمہ جو قوم کے سامنے آیا آپ اس کو این آر او کہتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار کی واپسی سے ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ ڈار صاحب نے پہلے بھی دو دفعہ ملک کو بحرانوں سے نکالا اب بھی نکالیں گے۔ اگر معیشت بہتر ہوگئی تو یہ لوگ عوام کو کیا منہ دکھائیں گے۔ نواز شریف نے پہلے ہی کہا تھا اس کو لا رہے ہیں تو معیشت تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا جلسے میں اداروں کے خلاف جو کچھ بولا گیا اس پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا راستہ صاف ہے، صرف ایک درخواست دینی ہے عدالت میں جو ہم دیں گے جبکہ وطن واپسی کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔