بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست مسترد کردی

285

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات مؤخر کروانے کی سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات اپنے طے شدہ وقت ہی پر منعقد ہوں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اعتراضات اور وجوہات کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی سندھ حکومت نے صوبے میں سیلابی صورت حال اور سکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کے لےالیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا، جس میں سندھ پولیس کے خط کا بھی حوالہ دیا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیاگیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مطلوبہ پولیس نفری دستیاب نہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات میں کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے کہ الیکشن کا عمل معطل کیا جائے۔  سندھ حکومت کو الیکشن کمیشن عملے کے سوا جتنی فورس دستیاب ہے اس میں بہتر انتظامات کیے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ حکومت کو جلد باضابطہ جواب بھی دیا جائے گا۔

سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کی تھی۔ سندھ حکومت نے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں 3 ماہ کے لیے انتخابات مؤخر کی درخواست کی تھی۔قومی و صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو ہوں گے۔ سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں پولنگ 23 اکتوبر کو ہوگی۔