کراچی سمیت سندھ میں 8 اور 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر جزوی پابندی

348

کراچی: سندھ حکومت نے 12 ربیع الاول اور چپ تعزیہ کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے 16 اضلاع یا پھر ان کے کچھ علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

شہر قائد کے ضلع جنوبی اور شرقی میں 8 ربیع الاول کو چپ تعزیہ کے جلوس کے موقع پر بھی موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی کے 4 اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

ضلع وسطی میں 11 اور 12 ربیع الاول، ضلع غربی میں 12 ربیع الاول، ضلع شرقی میں 8 ،11 اور 12 ربیع الاول جبکہ ضلع جنوبی میں 8 اور 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ ملیر، کیماڑی اور کورنگی اضلاع پابندی سے مستثنی ہونگے۔

ضلع حیدرآباد میں 8 اور 12، ضلع سکھر میں 11 اور 12 ربیع الاول، ضلع خیرپور میں 8 سے 12 اور ضلع گھوٹکی میں 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

علاوہ ازیں سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے شہروں رتو ڈیرو، نوڈیور ، بکرانی، ڈوکری، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، تھل، گڑھی خیرو، کندھکوٹ، ضلع شہید بینظیر آباد کے شہر نوابشاہ، میر پور خاص ٹائون اور ضلع سانگھڑ میں بھی 12ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ڈبل سواری پر پابندی سے بچے، خواتین بزرگ، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستثنی ہوں گے۔