اقوامِ متحدہ پاکستان کیلئے مزید 60 کروڑ ڈالر کی امدادی اپیل کرے گا

398
اقوامِ متحدہ پاکستان کیلئے مزید 60 کروڑ ڈالر کی امدادی اپیل کرے گا

 اسلام آباد:اقوام متحدہ ملک بھر میں لاکھوں سیلاب زدگان کو فوری امداد فراہم کرنے کیلئے 4اکتوبر کو پاکستان کیلئے اضافی 60 کروڑ ڈالر امداد کی ایک نئی اپیل کریگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کیلئے بین الاقوامی امداد کی رابطہ کاری کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کے فالو اپ اجلاس میں اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی)کے سیکریٹری حمیر کریم نے دو طرفہ عطیہ دہندگان اور بین الاقوامی اور ملکی امداد اور امدادی ایجنسیوں کو بتایا کہ اقوام متحدہ 4 اکتوبر کو 60 کروڑ ڈالر اضافی امدادی امداد کے لیے نظرثانی شدہ اپیل کا آغاز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 30 اگست کو سیلاب کی امداد کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی امداد کے لیے ہنگامی اپیل کی تھی لیکن اس گرانٹ کو غیر معمولی تباہی کے پیش نظر کافی نہیں سمجھا گیا۔

حکومت نے اندازہ لگایا ہے کہ سیلاب سے ہوئی تباہی کے سبب رواں مالی سال کے دوران اس کی اقتصادی ترقی کی شرح بجٹ کے 5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2 فیصد تک گر جائے گی۔

بتایاگیاکہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، امریکا، برطانیہ، جاپان، ترکی، چین، یورپی یونین، سویڈن، ڈنمارک، بیلجیم، جرمنی، پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کی تنظیم ، متحدہ عرب امارات، اٹلی، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، قطر، ازبکستان، سنگاپور، سعودی عرب، عمان، ناروے، اردن، آسٹریا، نیپال، فرانس، ترکمانستان، روس، انڈونیشیا، یونان کے علاوہ اقوام متحدہ کے اداروں جیسے یو این ایف پی اے، ڈبلیو ایچ او، ایف اے او، یونیسیف، یو این ایچ سی آر اور ڈبلیو ایف پی سے امداد موصول ہوئی ہے۔

حمیر کریم نے شرکا ء کو بتایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور حقیقی امدادی ضروریات کی مکمل تصویر فراہم کرنے کے لیے 15 اکتوبر تک امدادی رپورٹ تیار کر لی جائے گی۔