فل سالٹ نے پوری سیریز میں اتنے رنز نہیں بنائے جتنے آج بنا دیے ،بیٹنگ کوچ

433

 لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ  محمد یوسف  نے کہاہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ،کریڈٹ دینا ہو گا، فل سالٹ نے پوری سیریز میں اتنے رنز نہیں بنائے جتنے آج بنا دیے

انگلینڈ کے ہاتھوں چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد محمد یوسف نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بولرز کے پاس کوئی جواب نہیں تھا ،انگلینڈ کے بیٹرز عمدہ کھیلے، کریڈٹ دینا ہو گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اوس کا کردار تو ہے لیکن اس کو معذرت بنا کر پیش نہیں کیا جا سکتا، فل سالٹ نے سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا،6 اوورز میں 82رنز بنا دیے۔

محمد یوسف نے کہا کہ انگلینڈ کا اسٹائل ہے کہ وہ اسٹرائیک ریٹ کم نہیں ہونے دیتے ،وہ اوپر سے تیز کھیلے اور میچ ہم سے لے گئے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیٹرز بھی پاور پلے میں تیز رنز کی کوشش کر رہے ہیں۔

محمد حارث نوجوان بیٹر ہیں انہوں نے کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ مڈل آرڈرز بھی اچھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  ایشیا کپ میں بھی بیٹرز نے ہی میچز جتوائے ہیں،مڈل آرڈر کو زیادہ ہٹ کیا جا رہا ہے، مڈل آرڈر رنز کر رہے ہیں اور میچز بھی جتوائے ہیں۔

ٹی وی پر بیٹھے پلئیرز بڑی خامیاں بتا رہے ہیں وہ ہمیں بھی بتائیں تو ہم انہیں ٹھیک کریں، شاید ان کی بتائی ہوئی باتوں کا فائدہ ہو اور مڈل آرڈر اچھا کرے۔

قومی ٹیم کے  بیٹنگ کوچ نے کہا کہ توقع ہم سب کی یہی ہے کہ آخری میچ میں کامیابی حاصل کریں گے اور سیریز جیتیں گے۔