چین کی قیادت نے محنت،عزم اورجذبے کیساتھ ترقی کی ، پرویزالٰہی

252

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ چین کی قیادت نے محنت،عزم اورجذبے کیساتھ ترقی کی منزل حاصل کی ہے۔

عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پرچینی قیادت اورعوام کو مبارکباد دیتے ہوئے بیان میں پرویز الٰہی نے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت کیخلاف کامیاب جدوجہد کی۔  پنجاب حکومت قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت نے محنت،عزم اورجذبے کے ساتھ ترقی کی منزل حاصل کی ہے، چین ترقی پذیر ریاستوں کیلئے بدعنوانی سے چھٹکارا پانے اور اپنے عوام کو غربت سے نکال کر خوشحالی کی طرف لیجانے کیلئے رول ماڈل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت،بے روزگاری اور کرپشن کیخلاف کامیاب جدوجہد کی ہے، چین پاکستان کاسب سے زیادہ با اعتماد دوست ملک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، چین آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ کھڑا رہاہے، پاکستان اور چین عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین ناقابل تسخیر دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔