مہنگے ایندھن سے چلنے والے 7339 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ

475
power shortfall

اسلام آباد : مہنگے ایندھن سے چلنے والے7339 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔سستی بجلی کی پیداوار کا 10 سالہ منصوبہ منظوری کیلئے نیپراکوبھیج دیاگیا۔

نیپرا کے مطابق این ٹی ڈی سی کی جانب سے سستی بجلی کا منصوبہ نیپرا کو بھجوایا گیا، سستی بجلی کا انڈیکیٹو جنریشن کیپسٹی ایکپینشن پلان 2022 سے 2031 تک تجویز کیا گیا اور منصوبے کے تحت 14 ہزار159 میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔

سال 2022 تا 2031 بجلی کی طلب 44 ہزار668 میگاواٹ تک لے جانے کا تخمینہ تجویز کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق نیپرا سستی بجلی کے طویل مدتی منصوبے پر 19 اکتوبر کوسماعت کرے گا، منصوبے میں صوبائی حکومتوں کی تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں۔مجوزہ منصوبے میں فرنس آئل کے 11 اور درآمدی ایل این جی والے 5 پاورپلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق گیس سے چلنے والے 3 اور کے الیکٹرک کے 682 میگاواٹ کے پلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔کے الیکٹرک کے دو فرنس آئل اور دو درآمدی ایل این جی پلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جبکہ نیٹ میٹرنگ سے 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کیے جانے کا تخمینہ شامل ہے۔