میٹرک بورڈ کراچی نے رجسٹریشن فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کردیا

258

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے پرائیویٹ جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2023، پہلے سے دیئے گئے امتحانات یا ایک ساتھ تمام پرچے کی رجسٹریشن اور سائنس و جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ کیلئے پرمیشن فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

چیئرمین بورڈسید شرف علی شاہ نے طلباء وطالبات سے کہا ہے کہ وہ 28ستمبر سے28اکتوبر 2022ء تک بغیر لیٹ فیس کے رجسٹریشن اور پرمیشن فارم بورڈ سے ملحق نیشنل بینک، عسکری بینک، یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک اور بورڈ آفس بوتھ سے حاصل کرنے کے بعد انہی بینکوں میں جمع بھی کرا سکتے ہیں۔

 تمام فارم متعلقہ سیکشن سے تصدیق ہونے کے بعد بورڈ کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع ہوں گے۔ اس ضمن میں واضح کیا گیا ہے کہ28اکتوبر کے بعد شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ فارم وصول کئے جائیں گے اور بغیر لیٹ فیس کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔