پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بروقت مدد ضروری ہے، امریکی سفیر

340

لاہور : امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے تباہی مچی ہوئی ہے اورمیں نے خود سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ہے ، لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا ہے جس کے لیے انکی بر وقت مدد ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سیلاب میں پاکستان کی ہر طرح کی مدد کر رہا ہے اور اب تک سب سے زیادہ مدد ہماری جانب سے آئی ہے ۔ امریکا نے اقوام متحدہ کی درخواست پر پاکستان کی ہر سطح پر مدد کر رہا ہے جب کہ موجودہ عالمی تناظر میں عالمی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے اور بڑے ملکوں میں اس وقت بحرانی کیفیت ہے۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا میں معاشی حالات کورونا وبا کے بعد سے مخدوش ہیں ۔ امریکا ، پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے لیے تعلقات کوفروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے ، جب کہ امریکا پاکستانی مال کے لیے دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ بھی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کو درپیش معاشی مسائل میں مدد فراہم کررہاہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی شراکت داری میں وسیع پیمانے میں بہتری آئے گی۔ امریکا کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کو معاشی دلدل سے نکلنے میں کلیدی کردار ادا کرے ۔

امریکی سفیر نے پاکستان میں جاری امریکی تعاون سے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پاک ، امریکا تجارتی معاہدے ہوں گے ، جس سے پاکستان کو کافی مدد حاصل ہوگی۔