انٹربینک میں ڈالر3روپے 65 پیسے سستا،236 کا ہوگیا، اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان

316
The dollar

کراچی:انٹر بینک مارکیٹ میںپیر کو ہفتے کے پہلے روز آغاز پر ہی ڈالر سستا ہوگیا۔ معاشی میدان سے اچھی خبروں کے باعث انٹربینک میں ڈالر 1 گھنٹے میں 3 روپے 65 پیسے سستا ہو کر 236 روپے پرآگیاہے،جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ مارکیٹ کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس 330 پوائنٹس کے اضافے سے 40951 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

جمعہ کو انٹر بینک میں ڈالر 6 پیسے سستا ہوکر 239 روپے 65 پیسے پر بند ہواتھا ۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت فروخت 244 روپے پر آگئی تھی

کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قرضے موخر ہونے اور آئی ایم ایف شرائط نرم ہونے کی توقع پر روپے کو سہارا ملا۔ ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کے کرنٹ اکائونٹ خسارے میں قابلِ ذکر کمی کا بھی روپے پر مثبت اثر پڑا۔

اس سے قبل کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد درآمدی ضروریات کے لئے ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا اور آئی ایم ایف کی ایکسچینج ریٹ کو فری فلوٹ رکھنے کی شرط نے بھی صورتحال دشوار کردی تھی۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔پیر کو ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس 330 پوائنٹس کے اضافے سے 40951 پوائنٹس پر پہنچ گیا

بروکرز کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے وِزیر خزانہ بننے سے سرمایہ کاروں کااعتماد بحال ہوگا۔اس سے قبل جمعہ کو 100 انڈیکس 307 پوائنٹس کم ہوکر 40620 پوائنٹس پر بند ہوا تھا

سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ سیاسی صورتحال میں بہتری سے اسٹاک مارکیٹ ری بانڈ ہوسکتی ہے۔سیلاب کے باعث عالمی اداروں کا مثبت تعاون اسٹاک مارکیٹ کیلئے اہم ہوگا۔

یہ بھی کہا گیا تھا کہ شیئرز کی قیمتیں بہت نیچے ہیں،اس لئے لانگ ٹرم سرمایہ کاری فائدہ دے گی۔

#/S