متاثرین کی امداد میں تاخیر اور کرپشن کیخلاف تحریک تیز کرینگے، حسین محنتی

446
the movement

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بارش متاثرین کی بروقت امداد اور پانی کے نکاس میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، متاثرین کی امدادی کاموں میں دیر اور غیر منصفانہ تقسیم کرپشن کیخلاف تحریک کو تیز کریں گے.

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ سندھ کے لاکھوں سیلاب متاثرین آج بے سروسامانی کی کیفیت میں کھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جون تک نہیں رینگتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا اآڈیٹوریم میں صوبائی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ اس وقت ملک بہت بڑی آزمائش اور قوم امتحان سے گذررہی ہے، پی ڈی ایم حکومت ناکام ترین ثابت ہوئی ہے،مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جبکہ دوسری جانب سیاست انتشار کا شکار، حکومت اور اپوزیشن دونوں فریق ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ایکدوسرے سے دست وگریباں ہیں، یہ دونوں عوام اور ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیلنے میں برابر کی شریک ہیں۔