قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

383

کہو، اگر میں اپنے رب کی نافرمانی کروں تو ڈرتا ہوں کہ ایک بڑے (خوفناک) دن مجھے سزا بھگتنی پڑے گی۔ اْس دن جو سزا سے بچ گیا اس پر اللہ نے بڑا ہی رحم کیا اور یہی نمایاں کامیابی ہے۔ اگر اللہ تمہیں کسی قسم کا نقصان پہنچائے تو اس کے سوا کوئی نہیں جو تمہیں اس نقصان سے بچا سکے، اور اگر وہ تمہیں کسی بھلائی سے بہرہ مند کرے تو وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ وہ اپنے بندوں پر کامل اختیارات رکھتا ہے اور دانا اور باخبر ہے۔(سورۃ الانعام:15تا18)

سیدنا عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان، مسلمان کا بھائی ہے، نہ اس پر ظلم کرتا ہے نہ اسے بے یارو مددگار چھوڑتا ہے۔ جو شخص اپنے بھائی کی حاجت پوری کرنے میں لگا ہو اللہ تعالیٰ اس کی حاجت روائی فرماتا ہے۔ جو کسی مسلمان سے اس کی کوئی تکلیف دور کرتا ہے اللہ اس سے قیامت کی تکلیفوں میں سے ایک تکلیف دور فرمائے گا۔ جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا‘‘۔ (مسلم)