پاکستان سے کسی وفد نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا، ترجمان دفتر خارجہ

415
Foreign Office

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کسی بھی پاکستانی وفد کے اسرائیل کے دورے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان سے کسی وفد نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا۔

جمعرات کو میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ جس دورے کی بات کی جا رہی ہے وہ ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے تحت کرایا گیا جس کا دفتر پاکستان میں نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کی پوزیشن واضح ہے جس میں کوئی ابہام نہیں۔ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس پر پوری قوم کا مکمل اتفاق ہے۔پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔