یہی ٹیم عالمی کپ کی فاتح بنے گی،رمیز راجا

443
got heated

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے موجودہ پاکستان کرکٹ ٹیم پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی ٹیم عالمی کپ کی فاتح بنے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ توقع ہے کہ عالمی کپ کے آغاز سے پہلے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں دلچسپ اور اچھے مقابلے ہوں گے، ایشیا کپ کا فائنل کھیلنا اور بھارت کو شکست دینا کوئی معمولی بات نہیں، میں نے جو بھی وعدہ کیا اسے نبھانے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار اس وقت دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے، کچھ لوگ ٹیم کی سلیکشن کے معاملات پر کچھ زیادہ ہی تنقید کررہے ہیں، ساتھی کرکٹرز کی بے جا تنقید پر کیا کہہ سکتا ہوں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر کام ہورہا ہے،ہم اپنے کھلاڑی کو تنہا کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔انجری کا شکار ہونے والے فخرزمان اور پھر محمد رضوان کو بھی تنہا نہیں چھوڑا۔ لندن میں شاہین آفریدی کی کی فٹنس کی بحالی پر کام جاری ہے توقع ہے کہ وہ عالمی کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم کو کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا جائے۔یہ ہی وقت ہے کہ قومی ٹیم کو تھوڑی سی لچک دی جائے، بے جا تنقید کے حوالے سے قومی کپتان بابر اعظم سے کہا ہے کہ شائقین بہت جلدی بھول جاتے ہیں، میری توجہ صرف کرکٹ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ پہلے ناراض ہوکر چلا گیا اور اب پھر آیا ہے، یہ پاکستان کرکٹ کی جیت ہے، سترہ برس بعد واپس پاکستان کا رخ کرنے پر ہم مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔