سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر حکومتی نااہلی کی وجہ سے کچرا کنڈی بن گیا، حسین محنتی

448
fair elections

کراچی: امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر آج حکومتی نااہلی وکرپشن کی وجہ سے کچرا کنڈی وکھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے ناجائز کے الیکٹرک بل، کے ایم سی ٹیکس اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کیخلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت25،23،24  ستمبر کو ہونے والے عوامی ریفرنڈم کو عوام کے دلوں کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے پہلی ہی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے اب بجلی کے بلوں میں کے ایم سی اورفیول ایڈجسٹمنٹ چارجز سمیت دیگر ٹیکسوں کی وصولی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ حکومت اور کے الیکٹرک عوام کو کوئی بھی سہولت دینے کی بجائے ان کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔  عوام صاف پانی، ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حقوق کراچی سے لیکر شہر کے ہر مسئلے پر آواز اٹھائی ہے، عوام ظلم کیخلاف ہونے والے ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیکر بیداری کا ثبوت دیں اور عوام دشمن اقدامات کیخلاف اپنا بھرپور احتجاج رکارڈ کروائیں۔