راولپنڈی میں ڈینگی اسپرے کرنے والی ٹیم پر فائرنگ، ملزم گرفتار

185

راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی کے علاقے ڈھوک امام دین میں ڈینگی اسپرے کرنے والی ٹیم پر ایک شخص نے فائرنگ کردی، جسے چند گھنٹوں بعد گرفتار کرلیا گیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈینگی ورکرز گھر میں اسپرے کرنا چاہتے تھے، تاہم گھر میں موجود شخص نے اسپرے کرنے سے منع کیا اور ٹیم کی جانب سے اصرار کرنے پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی۔ ڈینگی ورکرز معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

دریں اثنا ڈینگی ٹیم کے کام میں رکاوٹ ڈالنے اور مزاحمت کرنے کے واقعے پر سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم عنصر نے اسپرے کروانے سے منع کیا اور ہوائی فائر بھی کیا۔ ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرکاری اہلکار سے مزاحمت ناقابل برداشت ہے۔ فائرنگ کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔