لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی کوششیں لائق تحسین ہیں، چیئرمین سینیٹ

260

اسلام آ باد :چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر پہنچے ہیں جہاںڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا۔

 اس موقع پر ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کیلئے ضروری میڈیکل چیئرمین سینیٹ کے حوالے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ضروری امداد فراہم کرنے پر ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا  کا شکریہ ادا کیا۔

 ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت شدید قدرتی آفت کا سامنا ہے جس کی پیش نظرصحت کے مراکز، طبی آلات سمیت دیگر چیزیں فراہم کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ملیریا، ڈینگی اور ڈائریا کی وبا پھیلی ہوئی ہے اور لوگوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے تاہم  بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پاکستان کی بھرپور مدد پر سینیٹ اور پاکستانی عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ متاثرین کی ابتدائی امداد کے بعد لوگوں کی بحالی کا ایک مشکل مرحلہ ابھی باقی ہے تاہم لوگوں کو صاف پانی اور غذا فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ ڈبلیو ایچ او کی درخواست پرغیر متعدی بیماریوں کی روک تھام اور کنٹرول  کے حوالے سے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو کہ ڈبلیو ایچ او کے مشورے کیساتھ کام کرے گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے کووڈ سے لے کر حالیہ سیلاب تک لوگوں کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈبلیو ایچ او نے بہترین کردار ادا کیا ہے، ہم ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مل کر پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔