بھاری بھرکم امدادی طیاروں کی مسلسل لینڈنگ، سکھر ایئرپورٹ کا رن وے متاثر

381

سکھر: پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر آنے والے غیر ملکی بھاری بھرکم طیارے کی مسلسل لینڈنگ کی وجہ سے سکھر ائیرپورٹ کا رن وے اور ٹیکسی وے متاثر ہوئے ہیں تاہم ائیرپورٹ کا آپریشن جاری ہے۔

سکھر ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی C17 ساختہ طیارہ 8 سے 15 ستمبر تک مسلسل سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر آتا رہا۔ذرائع کے مطابق امدادی سامان لے کر آنے والے طیارے کی لینڈنگ کی وجہ سے رن وے متاثر ہوا اور وہاں کی متعدد لائٹس کو بھی مبینہ طور پر نقصان پہنچا ہے۔چار انجن والے طیارے کی لینڈنگ کے باعث رن وے بھی مبینہ طور پر متاثر ہوا ہے۔

انجن THRUST 40 ہزار پاؤنڈز سے زیادہ ہونے کی وجہ سے رن وے کی لائٹوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔طیارے میں 256 ٹن سے زائد وزن کے باعث رن وے پر مبینہ کریک بھی پڑگئے ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ پر آپریشن جاری ہے اور رن وے اور ٹیکسی ویز کی فوری مرمت کے لیے کہا جا رہا ہے۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ بھاری طیاروں کو سکھر ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت کیوں دی گئی؟