جاپان میں خوفناک سمندری طوفان سے سیلابی صورت حال کا سامنا

274

ٹوکیو: جاپان میں سمندری طوفان کی شدت سے ٹکرانے کے بعد تباہ کاریاں جاری ہیں، سمندری طوفان نانماڈول کے باعث جاپان کو مٹی کے تودے گرنے اور سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مٹی کے تودوں اور سیلابی صورت حال کے حوالے سے وارننگ جاری کردی گئی تھی۔طوفان کے کیوشو کے جنوبی جزیرے سے ٹکرانے کی وجہ سے 4 افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوئے ہیں، سمندری طوفان سے کیوشو میں طوفانی ہواوں کے ساتھ شدید بارش ہوئی جس سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 9 ملین لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی تھیں، 3 لاکھ 50 ہزار کے قریب گھر اس وقت بجلی سے محروم ہیں۔

جاپان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں میں 400 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے۔

جنوب مغربی جاپان میں طاقتور سمندری طوفان ننماڈول نے جزیرے کیوشو میں بربادی پھیلانے کے بعد ٹوکیو کا رخ کر لیا۔طوفان ٹلنے تک ٹرینیں، پروازیں اور بحری جہاز کے روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔