شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے فائرنگ، پاک فوج کا سپاہی شہید

129
terrorists killed

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر دوتوئی کے علاقے میں دہشت گردوں کی افغانستان کے علاقے سے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی، پاک فوج کے جوانوں  نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے، دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نذر محمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوتوئی میں دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر پر سرحد پار افغانستان کے اندر سے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی۔

 مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا یا، تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران جعفرآباد کے 34 سالہ سپاہی نذر محمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ عبوری افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے گی۔

 پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔