وفاقی وزرا کیخلاف مقدمہ: وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور کا تبادلہ کردیا

329

لاہور، اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی خدمات واپس لے لیں اور  انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی خدمات واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو وفاقی وزرا کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر وفاق ان سے خوش نہیں تھا۔ لاہور پولیس نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

اسٹیبلشمنٹ ذرائع کے مطابق سی سی پی او لاہور کے خلاف دو انکوائریاں بھی ہوئی تھیں۔یہ انکوائریاں اس وقت ہوئی تھیں جب وہ ڈی آئی جی ساہیوال اور ڈی آئی جی آپریشن لاہور تھے۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے بغیر اعتماد میں لئے سی سی پی او لاہور کے تبادلے پر وفاقی حکومت سے شدید احتجاج کیا اور سی سی پی او لاہور کو چارج چھوڑنے سے روک دیا۔

چودھری پرویزالہی کاکہنا تھا کہ وفاقی حکومت انتقام میں آندھی ہو چکی ہے،سی سی پی او لاہور کو وفاقی حکومت ہٹاسکتی ہے نہ تبادلہ کی مجاز ہے،سی سی پی او لاہور کو ہٹانے یا لگانے کا اختیار میرا ہے،وفاقی حکومت کے ہر غیر قانونی اقدام پر بھرپور احتجاج کرتے ہیں۔