دبئی میں شہری 44 لاکھ درہم میںAA 13 نمبر پلیٹ حاصل کرنے  میں کامیاب

393

دبئی :متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی میں ایک شہری نے اپنی گاڑی کے لیے AA 13 نمبر پلیٹ حاصل کرنے کیلئے 44 لاکھ درہم خرچ کر ڈالے جب کہ نیلامی میں پیش کیے گئے گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کی مجموعی فروخت 3 کروڑ 70 لاکھ درہم میں کردی گئی۔

اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں گاڑیوں کے لیے پرکشش نمبروں پر مشتمل نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوئی جس میں ایک لائسنس پلیٹ 44 لاکھ درہم میں نیلام ہوئی، دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ AA 13 نمبر پلیٹ سب سے مہنگی ثابت ہوئی جو گرینڈ حیات ہوٹل دبئی میں منعقد ہونے والی مخصوص گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے لیے 110ویں کھلی نیلامی میں فروخت ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ RTA نے تقریب میں بولی لگانے کے لیے90 پلیٹیں پیش کیں جن کی مجموعی نیلامی 3 کروڑ 70 لاکھ درہم میں ہوئی، جہاں ایک پلیٹ U 70 دوسرے نمبر پر سب سے مہنگی نیلام ہوئی جس کے لیے شہری نے 30 لاکھ درہم ادا کیے۔

اسی طرح Z 1000 نمبر پلیٹ 22 لاکھ درہم اور V 99999 نمبر پلیٹ 13 لاکھ درہم میں فروخت ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کے شوقین افراد میں نمبر پلیٹس نے بڑی دلچسپی حاصل کی ہے، 2016 میں بھارتی تاجر بلوندر ساہنی نے اپنی گاڑی کے لیے پلیٹ D5 نمبر پلیٹ کے لیے 3 کروڑ 30 لاکھ درہم ادا کیے، جسے دنیا بھر میں ریکارڈ کی سب سے مہنگی فروخت سمجھا جاتا ہے۔

اسی طرح 2020 کے اوائل میں کورونا وبا سے پہلے RTA نے ایکسپو 2020 دبئی کی یاد میں ڈیزائن کے ساتھ نمبر پلیٹس کی ایک سیریز جاری کی جن کی لاگت صرف 200 درہم ہے، ان نمبر پلیٹس میں ہر ایک میں دبئی کے صحرا میں ملنے والی 4 ہزار سال پرانی سونے کی انگوٹھی سے متاثر ایک لوگو نمایاں ہے۔