اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے بچوں کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کی 6 روزہ ویکسی نیشن مہم کا افتتاح کر دیا۔
پیر کو وفاقی وزیر نے ایف نائن پارک میں قائم ویکسنیشن سینٹر کا دورہ کیا اور اسکول کے بچوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عبدالقادر پٹیل کا کہناتھا کہ یو ایس ایڈ کے تعاون سے شروع کی گئی مہم میں 5 سے 11 سال کے بچوں کی ویکسنیشن کی جائے گی۔ تمام ویکسنیشن سنٹرز پر بچوں کو مفت ویکسنیشن دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کے پہلے مرحلہ میں ویکسینیٹرز زیادہ سے زیادہ بچوں کو کوویڈ کی ویکسین لگانے کے لئے گھر گھر، اسکولوں، دینی مدارس میں جائیں گے،یہ ویکسین بچوں کے والدین کی رضامندی کے بعد لگائی جائے گی۔ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے قومی ادارہ صحت اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبوں میں متعلقہ حکام کے ساتھ کورونا وائرس ویکسین کی بروقت تقسیم کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسینیشن کی اس مہم کا بنیادی مقصد بچوں کو کووِڈ۔19 سے بچانا ہے۔
عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچے سے بھی وائرس دوسروں میں منتقل ہو سکتا ہے۔ یہ ویکسین بچوں کو کووِڈ۔19 سے بچاؤ میں مدد کرتی ہے اور دوسروں میں وائرس کے منتقل ہونے کے امکانات کو کم کرتی ہے۔ بڑھتی ہوئی بیماری کی روک تھام کے لئے ویکسینیشن ضروری ہے۔21 سے لے کر56 دنوں کے وقفہ کے ساتھ ویکسین کی 2 خوراکیں لی جا سکتی ہیں۔