ممنوعہ فنڈ کیس: پی ٹی آئی نے مکمل جواب کے لئے 8ہفتے کا وقت مانگ لیا

322

 اسلام آباد:ممنوعہ فنڈ کیس میں  تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے الیکشن کمیشن میں عبوری جواب جمع کروا دیا۔الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈ ضبطگی کیس کی سماعت ہوئی۔

 تحریک انصاف نے عبوری جواب جمع کرواتے ہوئے مکمل جواب کے لئے 8ہفتے کا وقت مانگ لیا۔پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 10سالہ پرانا ریکارڈ ہے جو بیرون ممالک سے منگوایا گیا ہے۔کئی پاکستانی شہریوں کو غیرملکی قرار دیا گیا ہے۔

کمیشن نے پی ٹی آئی یو ایس اے کو بھی غیرملکی کمپنی قرار دیا ہے۔ مزید ریکارڈ آ جائے تو کمیشن کے ہر سوال کاجواب دے سکیں گے۔ جہاں اتنا وقت گزار ہے مزید دو ماہ بھی دیدیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے بھی ہفتوں کی بات کرتے 8سال لگ گئے ہیں۔

چار ہفتے سے زیادہ کا وقت نہیں دے سکتے۔چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں رجسٹرڈ کمپنی غیرملکی کمپنی ہی ہوگی۔ امریکی قانون کے ساتھ پاکستانی قانون پر بھی عمل کرنا ہے۔

 اگر فیصلے پر اعتراض ہے تو اسے چیلنج کر دیں۔ فیصلے میں کوئی غلطی ہے تو اسکی تصحیح کر سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست پر سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔