سعودیہ میں غیرقانونی طور پر ذاتی کاروبار کرنے والا پاکستانی گرفتار

152

ریاض:سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر ذاتی کاروبار کرنے والے پاکستانی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 گزشتہ روز عرب میڈیا کے مطابق وزارت تجارت نے ذاتی کاروبار میں ملوث ایک پاکستانی تارک وطن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کو گرفتار کرلیا، اس کے علاوہ وزارت نے ایک ایسے شہری کو بھی گرفتار کیا ہے جس نے مذکورہ پاکستانی کو کاروبار کی اجازت دی تھی۔

اس ضمن میں وزارت نے کہا کہ سعودی شہری کے نام پر پاکستانی تارک وطن مملکت میں ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا، جس کے بارے میں ایک تجارتی ادارے نے وزارت کو اطلاع دی اور بتایا کہ پاکستانی تارک وطن نے ایک لاکھ ریال کا چیک دیا ہے لیکن مذکورہ بینک اکانٹ میں اتنی رقم نہیں تھی۔ 

بتایا گیا ہے کہ وزارت نے بوگس چیک دینے پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی تارک وطن کو تفتیش کے لیے طلب کیا تو معلوم ہوا کہ ٹھیکیداری کا پورا کاروبار پاکستانی کا ہے سعودی شہری کا صرف نام استعمال کیا جاتا ہے، جرم ثابت ہونے پر پاکستانی اور سعودی شہری کو گرفتار کرتے ہوئے، تجارتی لائسنس منسوخ، اثاثے منجمد اور ان کے دفاتر کو سیل کردیا گیا۔