چور مل کر آرمی چیف کا انتخاب کر رہے ہیں، عمران خان

339

چکوال:تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی دورے میں کونسا معرکہ مارنا ہے۔ جن کی کرپشن پر کتابیں چھپی ہیں کیا قوم ایسا شخص آرمی چیف کی تقرری کرے گا، شہباز شریف  نواز شریف سے مل کر طے کررہے ہیں کہ پاکستان کا آرمی چیف کون ہونا چاہیے؟ چور مل کر آرمی چیف کا انتخاب کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر بیرون ملک گئے، وہ مفرور ہے، کیا ایسا شخص آرمی چیف کی تقرری کرے گا،چوروں کو کبھی آرمی چیف منتخب نہیں کرنا چاہیے، ڈی جی آئی ایس پی آر کو کم از کم سمجھ تو جانا چاہیے تھا کہ میں کیا کہہ رہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ چکوال والوں کے جنون کوسلام پیش کرتا ہوں، جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے،جب چکوال کو کال دوں گا تو نوجوان، بزرگ، خواتین نے حقیقی آزادی کے لیے سب نے نکلنا ہے،گزشتہ رات تیسری ٹیلی تھون کی، تین ٹیلی تھون کے دوران 14 ارب میری قوم نے مجھے دیا، دنیا میں پاکستانیوں سے زیادہ کھلے دل کے لوگ نہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سندھ، بلوچستان میں متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے،سندھ میں لوگوں کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، کھڑے پانی کی وجہ سے کسان گندم کی فصل بھی نہیں اگا سکیں گے۔ چودہ سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، دریائے سندھ کے ساتھ رائٹ بینک کینال کو تاحال سندھ حکومت مکمل نہیں کر سکی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  سندھ کے ڈاکوئوں نے رائٹ بینک کینال کا پیسہ چوری کر کے دبئی بھیجا، سندھ کے غریب کسانوں کا برا حال ہے، شہباز شریف کی بے حسی دیکھیں ملک میں سیلاب اور بیرون ملک دورے کر رہا ہے۔

 پی ٹی آئی چیئر مین کامزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے امریکی دورے میں کونسا معرکہ مارنا ہے، ملک میں سیلاب اور شہبازشریف باہر چلا گیا، بلاول بھٹو، دیسی ولایتی وہ بھی منہ اٹھا کر باہرچلا گیا، اگر باہر جانا تھا تو پاکستان کی عزت میں اضافہ ہی کر دیتے، شہبازشریف کی سمرقند میں روس کے صدرکے ساتھ ملاقات ہوئی، امپورٹڈ وزیراعظم کوسازش کے تحت لایا گیا۔

 عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 100شیروں کی فوج کا سردار گیدڑ ہو وہ ہار جائے گی، امپورٹڈ وزیراعظم بیرون ملک مانگنے کے بجائے اپنا پیسہ ملک میں لائیں، 30 سال سے لوٹا ہوا پیسہ زرداری، نوازشریف، شہباز شریف آدھا بھی واپس لے آئیں تو مانگنے کی ضرورت نہ پڑے، امپورٹڈ حکومت کو بیرونی سازش اور ہینڈلرز لیکر آئے۔ شہبازشریف کی ساری ترقی اشتہارات کے اندر ہوتی تھی، شہبازشریف نے پنجاب سپیڈ کے ڈرامے کر کے اربوں خرچ کیے۔