امارات کا 5 سالہ ملٹی پل سیاحتی ویزے کا اجرا مزید آسان بنانے کا اعلان

581

دبئی: متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک کے شہریوں کے لیے پانچ سالہ ملٹی پل سیاحتی ویزے کا اجرا مزید آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

سیاحتی ویزے کے اجرا کی تاریخ سے پانچ سال کی مدت شمار ہو گی۔ یہ ویزا کسی سپانسر یا اندرون ملک میزبان کی شرط کے بغیر جاری کیا جا ئے گا۔عرب میڈیا  کے مطابق غیرملکیوں کے قیام اور آمد کے نئے لائحہ عمل میں نئے سیاحتی ویزے کے لیے چار شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ اس پرعمل درآمد 3 اکتوبر سے شروع ہو گا۔ شرائط میں کہا گیا ہے کہ پانچ سالہ سیاحتی ویزے کے لیے امیدوار کو درخواست دیتے وقت چار ہزار ڈالر بیلنس کا بینک سٹیٹمنٹ پیش کرنا ہوگا۔

بینک اسٹیٹمنٹ درخواست دینے کی تاریخ سے چھ ماہ پہلے تک کا ہونا چاہیے۔ ویزا فیس اور مالیاتی گارنٹی بھی دینا ہو گی جبکہ ہیلتھ انشورنس اسکیم بھی ضروری ہے۔پانچ سالہ سیاحتی ویزا ہولڈر کو متعدد سہولتیں اور رعایتیں ملیں گی۔ ویزا ہولڈر 90 دن تک مسلسل امارات میں قیام کر سکے گا اور اس میں مزید 90 دن کی توسیع ہوسکتی ہے تاہم پہلے امارات میں قیام کی کل مدت ایک سال میں 180 دن سے زیادہ نہ رہی ہو۔

ویزا ہولڈرکو امارات آمد کا مقصد بتانا ہوگا۔ کسی بھی صورت ایک سال سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔اماراتی حکام نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزے کی درخواست سے قبل امیدوار اس بات کا اطمینان حاصل کرلے کہ آیا اس کا تعلق ایسے ممالک سے تو نہیں جس کے شہریوں کو امارات آنے کے لیے ویزا نہیں لینا پڑتا۔