سیلابی صورتحال، ایل پی جی 400 روپے فی کلو تک جا پہنچی

508
LPG price

پشاور: بلوچستان کے بعد پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سیلابی صورتحال میں ایل پی جی کی طلب میں اضافہ ہونے سے قیمتوں کو بڑھا دیاگیا ہے اور فی کلو قیمت 200روپے سے بڑھ کر400روپے تک پہنچ گئی ہے۔

عوام کو ایک طرف سوئی گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے مسائل کا سامنا ہے جبکہ اب ایل پی جی گیس کی قیمت بڑھنے سے مسائل اور مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں ایل پی جی بھرے سلنڈر کی کمی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث بلیک میں فروخت شروع ہو گئی ہے کیونکہ گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث ایل پی جی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میںجہاں خود ساختہ اضافہ کر دیاگیا ہے وہیں بلیک میں بھی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں دو سو روپے فی کلو سے چار سو روپے فی کلو تک ایل پی جی فروخت ہورہی ہے جس کے باعث رکشہ وٹیکسی ڈرائیوروں نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے تاہم تمام تر صورتحال میں براہ راست غریب اور متوسط افراد ہی متاثر ہورہے ہیں۔