وزیراعلی پنجاب کا چولستان میں 20ہزار مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا اعلان 

154

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے  چولستان میں 20ہزار مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارضی کاشت کیلئے اراضی دینے سے علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی،چولستان کے کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ،ہمارے اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی نے چولستان میں 20ہزار مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا منصوبہ بنادیا ہے۔

اس موقع پر پرویز الہی نے کہا کہ 5سالہ عارضی کاشت کیلئے20 ہزار کاشتکاروں کوشفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی الاٹ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے فیز کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے ہوگی اور مزید 5ہزار کاشتکاروں کو دوسرے فیز میں چولستان میں عارضی کاشت کے لئے اراضی دی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عارضی کاشت کیلئے اراضی دینے سے علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ چولستان کے کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، وسائل پر چولستان کے لوگوں کا بھی برابر کا حق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چولستان کے بے زمین کسانوں کو اراضی دینے سے ان کی قسمت بدل جائے گی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹرمحمد افضل، رکن اسمبلی چوہدری محمد احسن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوزاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔  گزشتہ روز وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی نے صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے ایک اور احسن اقدام کیا تھا۔

وزیر اعلی چوہدری پرویزالہی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے میں پراپرٹی کی ٹرانسفر فیس میں بڑی کمی کر دی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب پرویزالہی نے صوبے بھر میں پراپرٹی ٹرانسفر فیس جو پہلے بہت زیادہ تھی جو اب ایک فیصد مقرر کردی تھی۔

اجلاس میں چوہدری پرویزالہی نے کہا تھا کہ اس اقدام سے پنجاب حکومت کا ریونیو بہت بڑھ جائے گا، پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، اس فیصلے سے صوبے بھر میں رجسٹریوں میں اضافہ ہو گا۔

وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ہمارے اقدام کا مقصد عوام کو ریلیف دینا  ہے، اس اقدام سے تعمیراتی صنعت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے لئے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔