خاتون کے ہاں بیک وقت پیدا ہوئے 6 میں سے مزید 5 بچے انتقال کرگئے

329
6 children born

کراچی: جناح اسپتال میں گزشتہ روز ایک خاتون کے ہاں بیک وقت پیدا ہوئے 6 بچوں میں سے مزید 5 بچے انتقال کر گئے۔

جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق کراچی کے علاقے کالا پل کی رہائشی خاتون حنا زاہد نے ایک ساتھ 6 جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا جن میں سے 1 مردہ حالت میں تھا جبکہ 5 بچے زندہ تھے۔گائنی وارڈ کی انچارج ڈاکٹر عائشہ وارث کے مطابق تمام بچے نارمل ڈیلیوری سے پیدا ہوئے جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں زندہ تھیں۔

ڈاکٹر عائشہ نے بتایاکہ اسپتال پروٹوکول کے مطابق انہوں نے زچہ اور بچوں کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت کے پیشِ نظر قومی ادارہ صحت برائے اطفال منتقل کرنے کا کہا تھا تاکہ بچوں کو انکیوبیٹر میں انتہائی نگہداشت میں رکھا جا سکے۔ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق بچوں کا وزن انتہائی کم تھا جس کے سبب ان کا انتقال ہوا ہے۔ڈاکٹر سلیم کے مطابق بچے 300 سے 350 گرام وزن کے لگ بھگ تھے اور ایسے بچوں کے زندہ رہنے کی شرح دنیا بھر میں انتہائی کم ہے۔

قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر سلیم کے مطابق جناح اسپتال میں خاتون کے ہاں جڑواں پیدا ہونے والے بچے پیدائش کے وقت سے ہی انتہائی تشویشناک حالت میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 بچوں کا انتقال جناح اسپتال میں ہی ہو گیا تھا جبکہ مزید 2 بچے جناح اسپتال سے این آئی سی ایچ منتقل کرنے کے دوران انتقال کر گئے۔ڈاکٹر ناصر سلیم کے مطابق باقی 2 بچوں کو ادارہ قومی ادارہ صحت برائے اطفال کی ایمرجنسی میں ڈاکٹر حیات بوزدار کے زیرِ علاج رکھا گیا تھا جہاں ان دونوں بچوں کا بھی انتقال ہو گیا۔