وفاقی اردو یونیورسٹی میں ڈاکٹر ضیاء الدین وائس چانسلر مقرر

363

وفاقی اردو یونیورسٹی میں ڈین آف آرٹس ڈاکٹر ضیاء الدین کو تین ماہ یا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا۔

ڈاکٹر ضیاء الدین کی تعیناتی کی منظوری سینیٹ کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کی۔

اجلاس گورنر ہاؤس سندھ میں ہوا، اس موقع پر تلاش کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کا سربراہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر مختار کو مقرر کیا گیا جبکہ اراکین میں جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر سروش لودھی، شکیل الرحمٰن، ڈاکٹر توصیف اور دو نمائندے سینیٹ کے شامل ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار نے کہا کہ جامعہ اردو کے حالات خراب ہیں جنہیں جلد بہتر بنانے کے ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند روز میں وی سی کا اشتہار آجائے گا اور تین ماہ کے اندر نئے وی سی کی تقرری کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ جامعہ اردو کے مستقل وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطا کی بیرون ملک روانگی اور بعد ازاں آن لائن یونیورسٹی چلانے کی وجہ سے یونیورسٹی میں مالی اور انتظامی بحران پیدا ہو گیا تھا جس کی وجہ سے اساتذہ اور غیر تدریسی عمال نے احتجاج شروع کر دیا تھا۔