بجلی بلوں میں سلیب ختم کرنا صارفین کو لوٹنے کا نیا حربہ ہے، جاوید قصوری

325
Removing slabs

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو لوٹنے کا نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے سلیب سہولت کو ختم کرنا قابل مذمت ہے۔

محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ سلیب ختم ہونے سے صارفین پر بجلی کے آخری یونٹ والا ریٹ لاگو کیا جائے گا۔ جتنی محنت کر کے حکومت اور ادارے عوام کو لوٹنے کے پروگرام بناتے ہیں،ا گر اتنی ہی محنت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ایجنڈے پر کریں تو لوگوں کی زندگی آسان ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔روپے کے مقابلے میں ڈالر 232روپے کاہوچکا ہے۔بیرونی قرضوں میں 1400ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔حکومت کا معاشی استحکام اور مہنگائی پر قابو پانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی نے معاشی بحران کی راہ ہموار کردی ہے۔