کراچی میں ڈکیت آزاد، مافیا پولیس کی حمایت کے بغیر پنپ نہیں سکتے، حافظ نعیم الرحمن

241

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اس وقت شہر کراچی میں ڈاکوؤں اور لٹیروں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مافیاز پولیس کی حمایت کے بغیر پنپ نہیں سکتے۔

کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتیوں، معمولی مزاحمت پر شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع اورسندھ حکومت و محکمہ پولیس کی مکمل ناکامی و نااہلی کے خلاف ریگل چوک صدر میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب  کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے پاس ایسا نیٹ ورک موجود ہے جس سے جرائم پیشہ عناصر کا پتا کرسکتے ہیں۔مجرموں کو پکڑنے کے بعد باعزت بری کردیا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی گزشتہ 14 سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے۔ پولیس کا محکمہ بھی سندھ حکومت کے ماتحت ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی میں چوری اور ڈکیتوں کی وارداتوں میں وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے۔ ریاست اور حکومت عوام کو بنیادی ضروریات فراہم نہیں کرتی۔ تعلیم ، صحت اور پانی کی ضروریات میسر  نہیں ہے۔ حکمران کہتے ہیں کہ عوام اپنی حفاظت کے لیے سیکورٹی گارڈ خریدیں۔ سندھ حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ اگر شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں ختم نہ ہوئیں تو ہم احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈکیتوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے، اس لیے یہ دن دیہاڑے دہشت گردی کررہے ہیں۔ محکمہ پولیس اور دیگر محکموں کے ساتھ رینجرز کی بھی ذمہ داری کے کہ لا اینڈ آرڈر کے ساتھ ساتھ اپنی طاقت سے  اختیارات حاصل کریں۔ کراچی کے شہری چوری اور ڈکیتی کی واردات کے بعد تھانوں میں مقدمہ بھی درج نہیں کرواتے۔ عوام جانتے ہیں کہ محکمہ پولیس بھی چوروں اور لٹیروں سے ملا ہوا ہے۔ محکمہ پولیس وزیر ، مشیر اور ان کی بیگمات کی سیکورٹی پر مامور ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر پولیس کی نفری کم ہے تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نفری میں اضافہ کرے۔سندھ حکومت پولیس کی نفری میں لسانیت و عصبیت کے بجائے ہر زبان بولنے والے کو بھرتی کرے۔ کسی بھی پارٹی کی ترجیحات میں کراچی کسی کا مسئلہ نہیں ہے۔ ووٹ لینے کے لیے تمام پارٹیاں آ جاتی ہیں لیکن مسائل حل کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکا نے سندھ حکومت کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی نااہلی کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرے سے رکن سندھ اسمبلی و امیر ضلع جنوبی سید عبدالرشید، نائب امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی راجا عارف سلطان ودیگر بھی موجود تھے۔