کراچی  میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ 6 بچوں کی پیدائش

524

کراچی: کراچی میں خاتون نے ایک ساتھ 6 بچوں کو جنم دیا ہے جن میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں ۔

کالاپل کی رہائشی حنا ناظم کو اللہ تعالی نے ایک ساتھ 6 جڑواں بچوں سے نوازا ہے، جناح اسپتال کے شعبہ گائنی کی ڈاکٹر عائشہ وارث نے بچوں کی زچگی کی۔ ڈاکٹر عائشہ وارث نے میڈیا کو بتایا کہ 25 سالہ خاتون کی پہلے بھی ایک اولاد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جناح اسپتال کی مریضہ تھیں اور جناح اسپتال کی گائنی وارڈ میں چیک کے لیے آتی تھیں۔ گزشتہ رات خاتون نے 6 جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے جن میں سے ایک بچہ مردہ حالت میں پیدا ہوا ہے اور پانچ بچے زندہ ہیں۔ ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ بچے نارمل ڈلیوری کے ذریعہ پیدا ہوئے ہیں، ان بچوں میں سے تین بیٹے اور دو بیٹیاں زندہ ہیں اور جب وہ پیدا ہوئے تو نارمل تھے اور رو رہے تھے۔

بچوں کو نیونیٹل کیئر کی ضرورت تھی جس پر بچوں کو قومی ادارہ صحت برائے اطفال شفٹ کردیا ہے جہاں بچوں کو ان کی بیوٹر میں رکھا گیا ہے۔ خاتون حنا ناظم جڑواں بچوں کی پیدائش پر بہت خوش ہیں ۔

انہوں نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں جڑواں بچوں کی پیدائش پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے اور جناح اسپتال خصوصا ڈاکٹر عائشہ وارث کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عائشہ نے بہت اچھے سے ان کا کیس ہینڈل کیا ہے اور وہ بہت خوش ہیں ۔