سپریم کورٹ: اداروں کیخلاف توہین آمیز بیانات رکوانے کیلیے درخواست دائر

331
self-accountability

اسلام آباد: اداروں کے خلاف توہین آمیز بیانات کا سلسلہ رکوانے کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مختلف شہروں کے سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کی جانب سے دائر ایک مشترکہ درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، الیکشن کمیشن اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 19 میں اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں اور آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے پر کچھ قدغنیں بھی ہیں۔ وفاقی حکومت کو توہین آمیز بیانات کا سلسلہ روکنے کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ تیار کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کرکے اداروں، حکام اور سرکاری ملازمین کی تضحیک کا سلسلہ روکا جائے،وفاقی حکومت کو موجودہ اظہار رائے کے قوانین پر نظر ثانی کرنے کا حکم دیا جائے اور فریقین کو آرٹیکل 19 پر من و عن عمل در آمد یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔