عمران خان کا حقیقی مسئلہ ذاتی انا، تکبر خود پسندی، اقتدار کی ہوس اور کرپشن ہے، وزیر اطلاعات

261

اسلام آ باد :وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد اپنے مقدمات ختم کروانا ہے،عمران خان کا حقیقی مسئلہ ذاتی انا، تکبر خود پسندی، اقتدار کی ہوس اور کرپشن ہے، 

اپنے جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو سیلاب میں ڈوبا ملک اور لوگ نظر نہیں آ رہے ، اقتدار کی ہوس کی پٹی آنکھوں پہ بندھی ہے ،عمران صاحب پہلے فیصلہ کریں آپ کا مسئلہ ہے کیا؟ بیرونی سازش ؟ حقیقی آزادی ؟ الیکشن کمشنر؟ کرپشن کا این آر او؟۔عمران خان حقیقی آزادی نہیں بلکہ اپنی حقیقی کرپشن سے این آر او چاہتے ہیں، انکا مقصد کوئی الیکشن نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کروانا ہیں-

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے آخر کیا گناہ کیا ہے؟ 8 سال سے زیرالتوا فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ ہی تو سنایا ہے، عمران صاحب آپ نے الیکشن کمشنر سے کس چیز کی گارنٹی لی تھی؟

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور امریکی فرم سے امریکہ میں لابی اور برانڈنگ کرواتے ہیں، چھپ چھپ کے ملاقاتیں کرتے ہیں۔