بدین میں آبادی کے ڈوبنے کا خدشہ، علاقے خالی کرنے کے لیے الرٹ جاری

289

حیدر آباد: بدین میں سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث آبادی کے ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کے بعد حکام نے انخلا کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مساجد اور گاڑیوں کے ذریعے علاقے خالی کروانے کے لیے اعلانات شروع کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بدین میں سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے بعد  آبادی کے انخلا کا ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مساجد اور گاڑیوں کے ذریعے اسپیکر پر علاقہ خالی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ مال مویشی اور قیمتی سامان سمیت فوری طور گھر خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی50 کلومیٹر کے علاقے میں تباہی مچاتا ہوا بے قابو ہو چکا ہے اور اس کی سطح میں کمی کے بجائے وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ بڑے سیم نالہ ایل بی او ڈی میں پانی کی سطح میں مسلسل خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ پران ندی کے شگاف بند کرنے کی سرگرمیاں بھی غیرعلانیہ طور بند کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے تاہم  پانی کی سطح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق جامشورو کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ بیراج میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد دریاکنارے آباد علاقے اورکچے میں بھی پانی کی سطح میں کمی ہونے لگی۔ اُدھر منچھر جھیل کی سطح میں مزید3 انچ کی کمی آنے سے سطح 122.5فٹ پر آ گئی، جس کے بعد انڈس ہائی وے اور ریلوے ٹریک سے بھی پانی کم ہونا شروع ہو گیاہے۔ بھان سعید آباد اور کرمپور رنگ بند سے دباؤ کم ہونا شروع ہو گیاہے، جس کے بعد مقامی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہوئی ہیں۔