توہین عدالت کیس کا فیصلہ قبول کروں گا، عمران خان

481

گوجرانوالہ: تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ توہین عدالت کیس میں جو بھی فیصلہ کریں گے میں قبول کروں گا۔

گوجرانوالہ میں اتوارکو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بڑے زبردست فیصلے کیے ہیں۔ باہر سے جو بھی پیسہ دے گا، ایسی چیز مانگے گا جس سے نیشنل سکیورٹی متاثر ہوگی ۔ ان لوگوں سے بات کرنا چاہتا ہوں جن کے پاس پاور ہے۔ اپنے ملک کی اسٹیبلشمنٹ سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ جس طرح ہمارا ملک یہ امپورٹڈ حکومت تیزی سے نیچے لے کر جارہی ہے، آپ کہتے ہیں کہ آپ نیوٹرل ہیں۔قوم آپ کو ذمہ دار ٹہرائے گی کہ آپ اس ملک کو دلدل میں پھنسنے سے روک سکتے تھے، اور آپ نے کچھ نہیں کیا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے پارٹی کی ساری ضلعی تنظیموں کو خط لکھا ہے تیار ہو جا ؤکارکنوں کو تیار کرو، جب میں کال دوں گا تو سب نے تیار ہونا ہے۔ لوگ سڑکوں پر آ کر پر امن احتجاج کریں گے اور زبردستی الیکشن کروائیں گے۔ ملک اسی طرح نیچے جاتا رہا تو قوم اسٹیبلشمنٹ کو بھی ذمہ دار ٹھہرائے گی کیا کچھ نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے قوم کے نوجوانوں کی حقیقی آزادی کے لیے ضرورت پڑے گی،جوقوم جاگ جائے وہ اپنی حقیقی آزادی کو چھینتی ہے، کبھی غلام قوم کی پرواز اوپر نہیں جا سکتی،قوم کوآزاد کرانا چاہتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ چارچیزیں ہمیں غلام رکھتی ہیں۔ مجھے ہٹایا گیا کہ آپ روس سے سستا تیل نہیں خرید سکتے،بھارت روس سے 40 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے،روس سے سستا تیل لینے کے لیے میں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات بھی کی تھی،پاکستان کوسستا تیل اورگندم چاہیے۔روس سے واپس آیا تو بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی، چوروں کو ہمارے اوپر بٹھایا گیا، چوروں نے اقتدارمیں آکر ڈر کی وجہ سے روس سے سستا تیل، گندم نہیں لی،کرائم منسٹرچیری بلاسم شہباز شریف دنیا میں پیسے مانگنے چلا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ  جب یہ بیرون ملک جاکرپیسے مانگتے ہیں انہیں ان کے بارے سب کچھ پتا ہے، دنیا میں مانگنے والے کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے آئے ہیں، شہباز شریف سیکرٹری جنرل کو کہہ رہا ہے جو پیسے دیں گے ایمانداری سے خرچ کریں گے، شہبازشریف! سیکرٹری جنرل کو پتا ہے آپ کی 60 فیصد کابینہ مجرم ہے، ضمانت پر ہے، تم اور تمہارے بیٹوں پر کرپشن کے کیسز ہیں۔انکا کہنا تھا کہ حکمران اپنا پیسہ ملک سے باہر رکھتے ہیں اور دوسروں سے بھیک مانگتے ہیں۔ پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑ کر 80 ہزار پاکستانیوں کی قربانی دی، اس طرح کے حکمران بیرون ممالک کے آگے لیٹ جاتے ہیں، ایسے لوگوں کو مسلط کیا گیا ان کو جو حکم باہر سے ملے گا وہی کریں گے، یہی وجہ ہے پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکا، باہر سے بھیک مانگتے ہیں اوراپنے ملک کو لوٹتے ہیں۔