پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، امریکا کا مزید 2 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان

495

اسلام آباد: امریکا نے پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے دوران مزید 2 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے اعلان کیا ہے کہ امریکا یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے 2 کروڑ ڈالر (تقریباً 5 ارب روپے) کی اضافی امداد فراہم کر رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق  ان کا کہنا تھا کہ سیلابوں کے اثرات پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پر محسوس کیے گئے ہیں۔ سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور تقریبا ایک ہزار 400 سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ 12,700 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔سمانتھا پاور نے کہا کہ انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے، جس میں 17 لاکھ سے زیادہ مکانات، ایک کروڑ 38 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی، ہزاروں میل سڑکیں اور سینکڑوں پل تباہ ہو گئے ہیں۔

یہ امداد اس سے قبل اعلان کردہ 3 کروڑ ڈالر کی گذشتہ ہفتے کی گئی امداد کے علاوہ ہے۔یو ایس ایڈ کے بیان کے مطابق 12 اگست کے بعد سے امریکہ  نے پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے 5 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی آفات سے متعلق امداد فراہم کی ہے۔ ان اضافی فنڈز کے ساتھ، یو ایس ایڈ کے شراکت دار ہنگامی امدادی سامان، نقد امداد ،پناہ گاہوں، ذریعہ معاش، لاجسٹکس اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسپانس کوآرڈینیشن سسٹم کی فراہمی جاری رکھیں گے۔

یو ایس ایڈ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی امداد کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے متوقع پھیلا وکو کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر بھی ترجیح دے گا ،علاوہ ازیں  امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے یو ایس ایڈ کی معاونت سے پاکستان میں سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے افراد اور آبادیوں کے لیے ہنگامی انسانی امداد کی فضائی ترسیل کا آغاز کردیا ہے۔ اِن ترسیلات میں گزر بسر کے لیے ضروری وسائل ، بشمول خوراک کی تیاری اور سر چھپانے کا لگ بھگ بائیس لاکھ ڈالر مالیت کا سامان شامل ہے اور اِن کی ترسیل کا عمل آنے والے دنوں میں ملک بھر کے بیس مختلف علاقوں میں مکمل کیا جائے گا۔