کراچی میں 6 سال بعد 4کلومیٹر پر محیط اورنج لائن بس سروس کا افتتاح ہو گیا

395

کراچی: وزیر ٹر انسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی کے شہریوں کے لیے اورنج لائن بی آر ٹی بس سروس کا افتتاح کر دیا۔

اورنج لائن کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج اورنج لائن عوام کے لیے کھول دی گئی ہے، سیلابی صورتحال کی وجہ سے تقریب کو سادگی سے منعقد کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ اورنج لائن بس سروس کا کرایہ 10 سے 20 روپے تک ہے اور 4 اسٹیشنز ہیں، پیٹرول مہنگا ہونے کے باوجود موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کم کرایہ رکھا گیا ہے۔

اورنج لائن پراجیکٹ کی بسیں جدید ترین ہیں اور اس منصوبے کی 100 فیصد لاگت پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اٹھائی ہے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو جلد ٹرانسپورٹ کی بہت بڑی خوشخبری ملے گی جس کے بارے میں انہیں آگاہ بھی کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تقریباً 4 کلومیٹر پر محیط اس بس سروس کی تیاری میں صوبائی حکومت کو 6 سال کا عرصہ لگ گیا۔ منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے اس کی لاگت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔