سیلاب کی تباہ کاریوں میں مزید 5 افراد جاں بحق، تعداد 1396تک پہنچ گئی

250
flood in Sindh

اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر مبنی نئی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق مزید 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1396 تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں سب سے زیادہ اموات سندھ میں 578 خیبرپختونخوا میں 293 اور بلوچستان میں 267 رپورٹ ہوئیں جب کہ 12 ہزار 728 زخمی ہو گئے ۔ملک بھر میں 81 اضلاع تاحال سیلاب سے متاثر ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹ (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 14 جون سے اب تک بارشوں کے باعث 1396 افراد جاں بحق ہو گئے ،جاں بحق ہونے والوں میں 617 مرد 280 خواتین اور 499 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ  میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کل 12 ہزار 728 افراد زخمی ہوئے، سندھ زخمیوں میں سرفہرست  ہے، جہاں  تعداد 8ہزار 3 سو 21 تک پہنچ گئی ہے،پنجاب 3858 ، خیبرپختونخوا 357 جبکہ بلوچستان میں 166 افراد زخمی ہوئے۔

ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے11 لاکھ 74 ہزار 528 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 568817 گھر مکمل تباہ ہوئے۔  اس دوران 246 پل جبکہ 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد مویشیوں کا نقصان ہوا۔

حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 66747 کلو میٹر سڑک کو نقصان ہوا، این ڈ ایم اے کے مطابق دریاے سندھ میں کوٹر کے مقام پر تاحال اونچے درجے کا سیلاب ہے۔